بپرجوائے ٹلنے کے بعد سندھ کے ساحلی علاقوں میں معمولات زندگی بحال
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا جو اب سندھ کے صحرائی علاقے تھراور بھارتی ریاست راجستھان میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی راجستھان میں ڈپریشن کمزور ہو کر لو پریشر ایریا میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب طوفان کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کے بعد تھرپارکر ضلع کے ہیڈکوارٹر مٹھی سمیت ارد گرد کے علاقوں میں شدید بارش بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عمرکوٹ، ٹھٹھہ، سجاول اور میرپورخاص میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
دوسری جانب طوفان کے ٹلنے کے بعد کیٹی بندر سمیت دیگر ساحلی علاقوں میں زندگی معمول کی طرف لوٹنے لگی اور کیمپوں میں مقیم افراد گھروں کو لوٹ آئے۔
حکام کی اجازت ملنے کے بعد کٹی بندر، سجاول، گھارو، شاہ بندر، میرپور ساکرو اور دیگر علاقوں کے نقل مکانی کرنے والے افراد واپس گھروں کو آگئے جب کہ مچھیروں کو مزید کچھ دن تک سمندر میں جانے سے روک دیا گیا۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی سندھ حکومت نے سمندر پر جانے کی پابندی ختم کردی اور شہر میں معطل کی گئی تعلیمی سرگرمیاں بھی بحال کردیں۔