چینی کمپنی سندھ میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت لگانے کی خواہاں

چین کی ملٹی نیشنل کمپنی چائنا پاور نے سندھ میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں بنانے کی صنعت لگانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

 چائنا پاور کمپنی کے اعلیٰ وفد نے 21 جون کو سوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی، جس دوران کمپنی کے وفد نے سندھ میں گاڑیاں بننانے کی صنعت لگانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شرجیل میمن نے چینی کمپنی کے خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر قسم کے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرمایہ کاروں ،صنعتکاروں کی معاونت کیلئےسندھ حکومت ہمہ وقت تیار ہے، صنعتکاروں کو زمین دینے کے ساتھ ساتھ انہیں سبسڈی بھی دی جائے گی۔

اس سے قبل بھی چین کی مختلف کمپنیوں کی جانب سے سندھ میں صنعتیں لگانے اور سرمایہ کاری کرنے کے اعلانات کیے جا چکے ہیں جب کہ اس وقت بھی صوبے کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں میں چینی ماہرین کام کر رہے ہیں، جن میں سے زیادہ تر ماہرین توانائی کے شعبوں پر کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ چینی کمپنی کب تک سندھ میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت لگائے گی، تاہم اس میں چند سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔