سندھ بھر میں کالجز میں داخلے کی پالیسی تبدیل
صوبائی محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے جانب سے انٹر سال اول کی داخلہ پالیسی کی منظوری دے دی گئی، جس کے بعد اب 23 سال بعد صوبے کے سرکاری کالجوں میں داخلے زونل بنیادوں پر دیے جائیں گے جو سال 2000 سے قبل کے نظام کے مطابق دیے جاتے تھے۔
نئی داخلہ پالیسی کے تحت انٹر سال اول کے داخلہ دو مختلف نظاموں کے تحت ہوں گے۔ پہلے نظام کے تحت اے ون اور اے گریڈ کے حامل طلبہ پورے شہر کے کسی بھی کالج میں داخلے کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے جبکہ دوسری پالیسی کے تحت ’’بی، سی، ڈی اور ای‘‘ گریڈ کے طلبہ صرف اپنے زون میں ہی داخلوں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
اس ضمن مٰیں محکمہ تعلیم نے 25 منٹ کی ڈرائیو پر مشتمل علاقے کو زون میں شمار کیا ہے، جب کہ دارالحکومت کراچی کو 12 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، اسی طرح حیدرآباد میں بھی متعدد زونز سے بنائے گئےہیں۔
نئی پالیسی کے تحت اے ون اور اے گریڈ کے حامل طلبہ پورے شہر کے کسی بھی کالج میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں تاہم بی، سی اور ڈی گریڈ کے حامل طلبہ صرف اپنے زون میں ہی داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ داخلوں کے لیے ڈومیسائل اور پی آر سی کی شرط لازمی ہوگی۔