پیپلز بس سروس کی ایپلی کیشن متعارف
سندھ حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے ’پیپلز بس سروس‘ ایپلی کیشن متعارف کرادی۔
ایپلی کیشن کو متعارف کرانے کی تقریب 22 جون کو دارالحکومت کراچی میں منعقد کی گئی، جس میں وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ایپ کی خصوصیات سے متعلق آگاہ کیا۔
مذکورہ ایپلی کیشن کو صارفین گوگل پلے اسٹور سے مفت میں ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین پیپلز بس کے روٹس اور لوکیشن کو بھی دیکھ سکیں گے، یعنی لوگ ایپ کے ذریعے معلوم کر سکیں گے کہ ان کے مطلوبہ روٹس پر چلنے والی بس ان کے اسٹاپ پر کب تک پہنچے گی۔
علاوہ ازیں ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین آن لائن بکنگ بھی کروا سکیں گے اور اسی کے ذریعے آن لائن ٹکٹ کی ادائیگی بھی کی جا سکے گی۔
ایپلی کیشن کے ذریعے مسافر بس سروس سے متعلق شکایات کا اندراج بھی کر سکیں گے۔
حکومت نے جہاں ایپلی کیشن کو متعارف کرایا ہے، وہیں بسز میں سیکیورٹی سسٹم کو بھی مزید بڑھادیا گیا، اب بسز میں سی سی ٹی وی کیمرا بھی نصب کردیے گئے ہیں، جس سے بسز کی درست انداز میں مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔
پیپلز بسز میں صارفین کو انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے وائی فائی سسٹم بھی نصب کردیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس کا آغاز جون 2022 میں کیا تھا اور ابتدائی طور پر اسے صرف دارالحکومت کراچی تک محدود رکھا گیا تھا۔
Addressing the launching ceremony of #PeoplesBusService Mobile Application in #Karachi, Sindh Transport & Mass Transit Minister @sharjeelinam stated that the primary objective behind the app’s launch is to provide ease and comfort to the commuters. pic.twitter.com/k3nX5eLAEw
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) June 22, 2023
بعد ازاں پیپلز بس سروس کے کراچی میں روٹس کو بڑھانے کے علاوہ اسے صوبے کے دوسرے شہروں حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی متعارف کرایا گیا تھا۔
محض ایک سال میں سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کے روٹس میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ اس کی سروس دیگر شہروں میں بھی متعارف کرائی اور بعد ازاں کراچی میں خواتین کے لیے خصوصی پنک پیپلز بسیں بھی چلائی گئیں۔
علاوہ ازیں حکومت نے کراچی میں الیکٹرک بس سروس کے خصوصی روٹس بھی شروع کیے اور حال ہی میں بجٹ میں حکومت نے پیپلز بس سروس کو بڑھانے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز بھی مختص کیے تھے۔
اور اب شہریوں کی سہولت کے لیے پیپلز بس سروس کی ایپلی کیشن متعارف کرادی گئی۔
چند دن قبل بھی شرجیل انعام میمن نے بتایا تھا کہ عوام کو بہترین اور سستی بس سروس کی فراہمی کے لیے جلد ہی پیپلز بس سروس کے ذریعے دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص کے دیہی علاقوں کو سروس کے شہری علاقوں سے جوڑا جائے گا۔
پيپلز بس سروس موبائل ايپليڪيشن ھاڻي گوگل پلي اسٽور تي موجود آھي
محفوظ ۽ آرامدھ سفر لاءِ لنڪ تي ڪلڪ ڪري ھاڻي ئي ايپ ڊائونلوڊ ڪريو:https://t.co/YjaIqMCwAI pic.twitter.com/uV6HeNVv4k
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) June 22, 2023