ڈاکٹر سعید الدین حیدرآباد میں قائم ہونے والی پہلی وفاقی یونیورسٹی کے وی سی مقرر
حیدرآباد میں قائم ہونے والی پہلی وفاقی یونیورسٹی حیدرآباد انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں ڈاکٹر سعید الدین کو ریکٹر/وائس چانسلر مقرر کردیا گیا۔
یاد رہے کہ حیدرآباد میں فیڈرل انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے قیام کےلیے 100ایکڑ زمین کی مفت الاٹمنٹ ہوچکی ہے۔
یہ زمین سندھ حکومت کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے الاٹ کی۔
یہ زمین دیہہ گنجو ٹکر، تعلقہ لطیف آباد، ضلع حیدرآباد نمبر 1میں فراہم کی گئی ہے۔
اور اب وفاقی حکومت نے یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر کا تقرر کردیا۔
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تقرری 4 برس کیلئے کی گئی ہے، تلاش کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں ڈاکٹر سعید الدین کا نام پہلے نمبر پر تھا۔
ڈاکٹر سعید اس وقت چیئرمین انٹربورڈ کراچی کے عہدے پر فائز ہیں، وہ چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی اور ریجنل ڈائریکٹر کالجز میرپورخاص کے عہدوں پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر سعید الدین نے میٹرک بورڈ میں سرٹیفیکٹ کے جلد اجراء اور آن لائن ایڈمٹ کارڈز جاری کرنے جیسے انقلابی اقدامات بھی کیے جنہیں تعلیمی حلقوں میں بے حد سراہا گیا تھا۔
ڈاکٹر سعید الدین انٹر بورڈز چیئرمین کمیٹی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں جبکہ انہیں مختلف ممالک کے تعلیم و کھیل سے متعلق دوروں میں پاکستان کی نمائندگی کا بھی اعزاز حاصل ہے۔
ممکنہ طور پر صوبائی حکومت کی آمادگی کے بعد امکان ہے کہ ڈاکٹر سعید دونوں عہدوں چیئرمین انٹر بورڈ کراچی اور ریکٹر حیدرآباد یونیورسٹی کا چارج اپنے پاس ہی رکھیں گے۔