سندھ کے بیٹے سعید تُنیو کو سپرد خاک کردیا گیا
پاک فوج کے ہیلی کاپٹر گرنے سے شہید ہونے والے میجر سعید تُنیو کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ضلع لاڑکانہ کے شہر باقرانی میں آبائی گاؤں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
میجر سعید تُنیو سمیت ہیلی کاپٹر گرنے سے پاک فوج کے مجموعی طور پر 6 افسران اور اہلکار شہید ہوئے تھے اور تین اگست کو تمام شہیدوں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ اپنے اپنے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا گیا۔
پاک فوج کا ہیلی کاپٹر یکم اگست کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے کراچی آتے وقت لسبیلہ کے قریب لاپتہ ہوگیا تھا، جس کی تلاش کے لیے پاک فوج نے فوری امداد کارروائیاں شروع کردی تھیں اور فوج نے دو اگست کی شام کو ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے موسی گوٹھ کے قریب ڈھونڈا تھا۔
The wreckage of unfortunate hel which was on flood relief ops found in Musa Goth, Windar, Lasbela. All 6 offrs & sldrs incl Lt Gen Sarfraz Ali embraced shahadat. اِنّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
Accident occurred due to bad weather as per initial investigations . DTF pic.twitter.com/dnyano2vqC— DG ISPR (@OfficialDGISPR) August 2, 2022
،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا، ہیلی کاپٹر میں کورکمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور چیف نائیک مدثر فیاض سوار تھے۔
پاک فوج کے مطابق ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید ہونےوالے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف کا تعلق راولا کوٹ آزاد کشمیر سے تھا۔
میجر جنرل امجد حنیف نے 1994 میں آزاد کشمیر رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، شہید نے سوگوار میں بیوہ ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔
شہید کمانڈر انجینیئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد کا تعلق فیصل آباد سے تھا، بریگیڈیئر محمد خالد نے 1994 میں 20 انجینیئر بٹالین میں کمیشن حاصل کیا ، شہید نے بیوہ، تین بیٹیوں اور تین بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید پائلٹ میجر سعید کا تعلق لاڑکانہ سے تھا، انہوں نے بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے اور ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید ہونےوالے معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان نے بیوہ اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے جب کہ شہید کریو چیف نائیک مدثر فیاض کا تعلق نارووال سے تھا اور انہوں نے بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔
تمام شہید جوانوں کی جنازہ نمازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی تھی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے شرکت کی جب کہ صوبائی وزرا اور سول و عسکری حکام سمیت شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔
کوئٹہ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام شہدا کی میتیں آبائی علاقوں کی جانب روانہ کی گئیں اور میجر سعید تُنیو کی میت باقرانی پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔
میجر سعید تُنیو کی میت آبائی شہر پہنچنے کے بعد شہر کو سوگ کے طور پر بند کیا گیا جب کہ ان کی نماز جنازہ میں شہر سمیت علاقے کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
میجر سعید تُنیو کی میت باقرانی پہنچے پر ان کے ضعیف والد نے بیٹے کی ٹوپی کو چوما اور ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پورے ملک کی آنکھیں بھیگ گئیں۔