جاپانی کمپنی سندھ میں سمندر اور دریا کنارے سیاحتی مراکز بنانے کی خواہاں
جاپان کی ایک نجی کمپنی نے سندھ کے دارالحکومت کراچی سے لے کر سکھر، گڈو اور کوٹڑی بیراجوں پر سیاحتی منصوبے بنانے کی خواہش ظاہر کردی۔
یاماہا جاپان کے وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سربراہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران صوبے میں سیاحتی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔
جاپانی کمپنی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو درالحکومت کراچی کے کلفٹن میں دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کے ساتھ صوبے کے مختلف بیراجوں اور جھیلوں پر واٹر اسپورٹس کی دیگر سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کی تجویز پیش کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جاپانی کمپنی کے عہدیدار کو بتایا کہ یاماہا پاکستان کے تعاون سے کینجھر، گڈو، سکھر اور کوٹری بیراجوں پر واٹر اسپورٹس کی سہولیات فراہم کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔
Karachi (July 4th, 2023) Sindh Chief Minister Syed Murad Ali Shah discusses water sports projects with Senior General Manager Yamaha Japan for Central Asia & Middle East Mr. Yoshiyuki ITO who called on him at CM House. pic.twitter.com/gBjCZ7CGCm
— Sindh Chief Minister House (@SindhCMHouse) July 4, 2023
مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سہولیات نجی شعبے کے تعاون سے فراہم کی جا سکتی ہیں۔
یاماہا کے نمائندے نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ دو دریا سے پورٹ قاسم تک آمد و رفت اور تفریح کے لیے فیری سروس شروع کی جا سکتی ہے۔
مراد علی شاہ نے کینجھر جھیل، گڈو بیراج، سکھر بیراج اور کوٹری بیراج پر واٹر اسپورٹس کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں سے متعلق مواقع پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یاماہا ویو رنرز جسے تکنیکی طور پر پرسنل واٹر کرافٹ (پی ڈبلیو سی) یا واٹر اسکوٹر کہا جاتا ہے، وہ بہترین کھیل ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اس سے قبل کہا تھا کہ سی ویو پر جیٹی ڈیولپمنٹ کا منصوبہ ہے جس کے تحت کلفٹن کے علاقے سے نئے تیار شدہ منوڑہ واٹر فرنٹ بیچ تک فیری سروس شروع کی جائے گی۔
تاہم ذرائع نے بتایا کہ جیٹی ڈیولپمنٹ منصوبے پر کام تاحال شروع نہیں کیا گیا۔