نوزائیدہ بچے کی لاش ملنے پر سندھ میں پہلا مقدمہ درج

نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملنے پر انپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سندھ کے احکامات پر عمل شروع ہوگیا، پولیس نے نوزائیدہ بچے کی لاش ملنے پر پہلا مقدمہ دائر کرلیا۔

سندھ پولیس کے دارالحکومت کراچی کے اتحاد ٹائون کی کچرا کنڈی سے نوزائیدہ بچے کی لاش ملنے پر کراچی پولیس نے پہلا مقدمہ درج کیا۔

آئی جی سندھ کے احکامات پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نوزائیدہ بچے کی لاش کچراکنڈی سے ملنے پر مقدمہ درج کیا۔

اتحادٹاؤن تھانے میں اسقاط حمل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اتحاد ٹاؤن پولیس نے پہلا مقدمہ درج کیا اور اس میں ملوث ملزمان کی تلاش بھی شروع کردی گئی۔

مقدمے میں اسقاط حمل کی دفعات 328/329 شامل کی گئی ہیں۔

سندھ بھر میں نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملنے پر مقدمات دائر کرنے کا حکم

نومولود بچے کی لاش اتحاد ٹاؤن کی کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی تھی، لاش کو قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ نومولود بچے کے ڈی این اے ٹیسٹ سے ملزمان تک رسائی حاصل ہوسکے گی، ڈی این ٹیسٹ سے ملزمان کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کرکے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

جرم ثابت ہونے پر 2 سے 5 سال تک قید و جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے گزشتہ روز نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملنے پر مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔