شدید گرمی، لوڈ شیڈنگ، و خراب پانی: سندھ بھر میں ڈائریا کے 80 ہزار کیسز رپورٹ
دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے تمام ڈویژنز میں شدید گرمی، طویل لوڈشیڈنگ اور پینے کے خراب پانی کی دستیابی سمیت دیگر وجوہات کے باعث سندھ بھر میں پیچش، ہیضے اور ڈائریا کی بیماریوں میں شدت آگئی اور اب تک سیزن کے 83 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے کے تمام ڈیوژنز میں ڈائریا میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، تاہم دارالحکومت کراچی میں اس کی شدت سب سے زیادہ ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گرمیوں کے بڑھنے کے بعد ڈائریا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے باعث رواں سال 83 ہزار سے زائد افراد ڈائریا کا شکار ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ہیضے کی بیماری میں بھی شدت دیکھی جا رہی ہے، تاہم ڈائریا وبا کی طرح پھیل رہا ہے اور سب سے زیادہ کراچی ڈویژن کے ضلع وسطی میں اب تک 32 ہزار 57 ڈائریا کےکیسز سامنے آ چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق 4 ہزار 535 ڈائریا کے کیسز ضلع کیماڑی میں رپورٹ ہوئے اور 8 ہزار 952 ڈائریا کیسز ضلع شرقی میں سامنے آئے۔
محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ سب سےکم 3 ہزار 952 ڈائریا کے کیسز ضلع کورنگی میں رپورٹ ہوئے، 12 ہزار 486 ڈائریا کےکیسز ضلع غربی میں رپورٹ ہوئے جب کہ 6 ہزار834 ڈائریا کے کیسز ضلع جنوبی میں سامنے آئے۔