سندھ میں پہلی بار سی ٹی ڈی نے ٹاپ کرمنلز کا ریکارڈ مرتب کرلیا

سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے سندھ میں پہلی مرتبہ ٹاپ کرمنلز کا ریکارڈ مرتب کرلیا۔

ٹاپ کرمنلز کے ریکارڈ کو ’’گرے بْک‘‘کا نام دیا گیا ہے، گرے بُک میں سندھ بھر کے 28 اضلاع کے انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی تصاویر، گینگ کا نام، عرفیت اور ایڈریس سمیت دیگر معلومات فراہم کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی ’’گرے بْک‘‘کا پہلا ایڈیشن تیار کیا گیا ہے جس میں ڈکیتی کی بڑی وارداتوں میں ملوث گینگ ، جیل جانے والے گروپس اور ڈکیتیوں میں شہریوں کو زخمی کرنے والے انتہائی سرگرم گروپس کا تمام ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے۔

اسی حوالے سے ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ ذوالفقار لاڑک نے بتایا کہ سندھ بھر میں بڑی ڈکیتیوں،جرائم پیشہ افراد کے منظم گروپس سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگز کا ریکارڈ مرتب کرنے کا مقصد ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنا ہے اور سی ٹی ڈی کا یہ ریکارڈ تمام اضلاع کو فراہم کیا جائے گا جس کے بعد ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن بھی کیا جائے گا تاکہ سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوسکے۔

گرے بْک میں 210 انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کا ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے ،اس بْک سے سندھ پولیس کے افسران کو سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں مدد ملے گی۔

ذوالفقار لاڑک کا کہنا تھا کہ گرے بْک کی تیاری کا ٹاسک سی ٹی ڈی انٹیلی جنس انچارج مظہر مشوانی کے سپرد کیا گیا ہے۔

مظہر مشوانی نے بتایا کہ کراچی کے 8 اضلاع میں62 ملزمان کا کرمنل ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے، ضلع سٹی میں انتہائی سنگین جرائم میں ملوث3 ملزمان، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں3، ضلع کیماڑی میں9، ضلع ایسٹ میں11، ضلع کورنگی میں9، ضلع ملیر میں 10، ضلع ویسٹ میں10ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔