گورنر سندھ کا 40 فیصد رعایت والے 35 لاکھ کریڈٹ کارڈز دینے کا اعلان
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دارالحکومت کراچی کے خاندانوں کو 35 لاکھ ایسے کریڈٹس کارڈ جاری کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت لوگ اشیائے خردونوش کی خریداری پر 40 فیصد تک ڈسکاؤنٹ حاصل کر سکیں گے۔
گورنر ہاوس سندھ میں ایک تقریب کے دوران گورنر سندھ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایم او یو پر سائن کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت 35 لاکھ کریڈٹ کارڈز جاری کیے جائیں گے جن کے ذریعے روز مرہ کی اشیا کی خریداری پر 40 فیصد تک رعایت ملے گی۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
تقریب کے دوران طلبہ کو 14 اگست کو قومی پرچم لیکر شارع فیصل پر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ یوم آزادی پر نیا ریکارڈ قائم کریں گے، بھارت کا قومی پرچم کے ساتھ 90 ہزار کا ریکارڈ ہے اور ہم ایک لاکھ افراد کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کریں گے۔
کامران ٹیسوری آئی ٹی ٹیسٹ میں شریک اسپیشل طالب علم محمد ثاقب کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کے لیے خود کرسی لے کر اسپیشل طالب علم کے ساتھ جاکر بیٹھ گئے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا ہمیں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اسی طرح کی ہمت اور حوصلے والے نوجوان چاہئیں۔