آبادی میں اضافے کے بعد کراچی میں اسمبلی نشستوں میں بھی اضافہ ہوگا

ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے حتمی نتائج کے بعد سندھ کی مجموعی آبادی میں دارالحکومت کراچی کا حصہ 3 فیصد اضافے کے بعد 36 فیصد سے زائد ہو گیا۔

آبادی میں اضافے کے بعد دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ دارالحکومت کراچی سے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں کا اضافہ ہوگا۔

مردم شماری کے نئے نتائج کے مطابق 2017 میں قومی اسمبلی میں کراچی کی نشستیں 21 تھیں جو اب 22 ہوجائیں گی۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی میں کراچی کی نشستیں 44 سے بڑھ کر 47 ہوجائیں گی۔

قومی اسمبلی میں سینٹرل کراچی کی نشستیں 4، ضلع شرقی کی 4، جنوبی کی 3، غربی کی 3، ضلع کیماڑی کی2، کورنگی کی 3 اور ملیر کی 3 نشستیں ہوں گی۔

آبادی میں کراچی سندھ کا سب سے بڑا، میرپور خاص سب سے چھوٹا ڈویژن

صوبائی اسمبلی میں سینٹرل کراچی کی نشستیں 9ضلع شرقی کی 9، جنوبی کی 5، غربی کی 6، ضلع کیماڑی کی 5، کورنگی کی 7 اور ملیر کی 6 نشستیں ہوں گی۔

مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کی متفقہ طور پر منظوری 5 اگست کو دی تھی۔

مردم شماری 2023ء کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب آئین کے آرٹیکل (3) 51 میں آئینی کی ترمیم کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ اتفاق سے چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی آبادی سے آئین میں درج صوبوں کے کوٹے میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

ادارہ شماریات کے حتمی نتائج میں کراچی کی آبادی 26 فیصد سے زائد اضافے سے 2 کروڑ 3 لاکھ شمار ہوئی۔

سندھ میں 22 مئی کے اعدادوشمار کے مقابلے میں کراچی میں تقریباً 12 لاکھ آبادی کا اضافہ ہوا جبکہ سندھ کے باقی علاقوں میں 34 لاکھ کی کمی آئی اور آبادی کے تناسب میں اس تبدیلی پر سندھ بھر کی سیاسی جماعتیں احتجاج پذیر ہیں۔