صوبے کے دور دراز علاقوں میں بیماریوں کی تشخیص اب ممکن

امریکی فلاحی ادارے ’یونائٹڈ اسٹیٹ ایڈ‘ (یو ایس ایڈ) نے محکمہ صحت کو جدید موبائل لیبارٹری فراہم کردی جو دارالحکومت کے علاوہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں جاکر لوگوں کے ٹیسٹ کرے گی۔

سندھ حکومت اور یو ایس ایڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محکمہ صحت سندھ کو جدید موبائل لیبارٹری کا تحفہ دینے کی تقریب کراچی کے ڈاؤ اسپتال میں منعقد کی گئی، جہاں وزیر صحت ڈاکٹر عزرہ پیچوہو کو موبائل لیبارٹری کا ماڈیول پیش کرکے لیبارٹری سندھ حکومت کے حوالے کردی گئی۔

یو ایس ایڈ کی جانب سے فراہم کی گئی جدید موبائل لیبارٹری صوبہ سندھ کے علاوہ بلوچستان کے  دور دراز و پسماندہ علاقوں میں جاکر وہاں کے لوگوں کے ٹیسٹ کرے گی۔

موبائل لیبارٹری میں محکمہ سندھ صحت کا عملہ ہوگا، جو لوگوں کے خون، پیشاب اور بلغم کے نمونوں کے علاوہ ایکسرے تک کرے گا اور اس عمل سے دور دراز علاقوں میں پھیلنے والی بیماریوں کی تشخیص ممکن ہوگی۔

 

موبائل لیبارٹری میں جدید مشینری نصب ہے—تمام تصاویر یو ایس ایڈ

جدید لیبارٹری میں پھیلنے والی وبائوں کے ٹیسٹ کی سہولت بھی موجود ہوگی اور اس میں کورونا کے ٹیسٹ کے علاوہ، چکن گونیا، چکن پاکس، ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس، ایمینیا اور ٹی بی کے علاوہ غلیظ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی تشخیص کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

طویل موبائل لیبارٹری کے ایک حصے میں مریضوں کے خون، پیشاب اور بلغم کے نمونے وصول کرنے کا خانہ بنایا گیا ہے جب کہ دوسرے طویل حصے میں لیبارٹری کی جدید مشینری رکھی گئی ہے۔

موبائل لیبارٹری مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ ہوگا اور اس پر نصف درجن تک کا عملہ خدمات سر انجام دے گا۔

مذکورہ موبائل لیبارٹری سندھ بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی لیبارٹری ہے جو کہ شمالی و زیریں سندھ کے دور دراز علاقوں میں جاکر لوگوں کے ٹیسٹ کرے گی اور تمام ٹیسٹ مفت میں کیے جائیں گے۔

محکمہ صحت سندھ کو موبائل لیبارٹری فراہم کرنے سے قبل یو ایس ایڈ اور امریکی سفارت خانے نے اسلام آباد میں نیشنل ہیلتھ سینٹر (این آئی ایچ) کو بھی چار موبائل فراہم کیے تھے، جو وفاقی ادارے صوبوں سمیت وفاقی علاقوں میں استعمال کرے گا۔