سندھ میں بچوں کی وہکسینیشن نہ کروانے پر والدین کو سزا ملے گی، جرمانہ لگے گا

1261777_5857116_child-vacination_updates

سندھ میں بچوں کی ویکسینیشن نہ کروانے والے والدین کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے تک کے جرمانے کی سزا دی جاسکے گی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ امیونائزیشن اینڈ اپیڈیمکس کنٹرول بل 2023 کی توثیق کردی۔

بل کا مقصد صوبے میں بیماریوں اور وبائی امراض کی امیونائزیشن، ویکسینیشن، سائنسی اور سماجی ذرائع اور طریقوں کے ذریعے روک تھام اور کنٹرول کرنا ہے۔

بل کے مطابق بچوں کی ویکسینیشن نہ کروانے والے والدین یا سرپرست کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذیلی دفعہ ایک کے تحت ایک ماہ تک قید کی سزا یا 50 ہزار روپے تک کے جرمانہ یا دونوں سزا دینے کا مجاز ہوگا۔

قانون کے تحت ویکسینیشن اور امیونائزیشن کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے پر بھی 6 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔

نئے قانون کے مطابق سندھ الیکٹرانک امیونائزیشن رجسٹری بھی قائم کی جائے گی، جس میں ویکسینیشن کے اندراج کے بغیر کوئی اسپتال اور ادارہ پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کرے گا۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ ایسینشل کموڈیٹیز پرائس کنٹرول اینڈ پریوینشن آف پروفیٹرنگ اینڈ ہورڈنگز ترمیمی بل 2023 منظور کرلیا۔بل میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سے متعلق ایکٹ میں ترمیم کی گئی ہے۔