سندھ کے ’مالنگا‘ 12 سالہ شاہزیب کیریو کے چرچے
سندھ کے شہر ٹنڈوالہیار میں سری لنکن شہرت یافتہ مالنگا کے بولنگ ایکشن سے مشابہہ 12 سالہ لڑکے شاہزیب کیریو نے دھوم مچا دی۔
شاہ زیب کیریو کا تعلق ٹنڈوالہیار سے ہے اور ان کی خاص بات یہ ہے کہ ان کا بولنگ کا انداز اور کاٹ منفرد انداز میں بولنگ کے حامل عالمی شہرت یافتہ سابق سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ مالنگا جیسا ہے۔
شاہ زیب کو اگر کوئی بالنگ کرتے دیکھ لے تو پہلی نظر میں اسے یہی گمان ہوگا کہ لیستھ مالنگا بولنگ کر رہا ہے۔ اس کی عمر تو 12 سال ہے لیکن ارادے کرکٹ کی دنیا میں کامیابی کے نئے باب رقم کرنے کے ہیں۔
12 سالہ بولر کو لائن اور لینتھ پر کمال کا عبور حاصل ہے وہ جب بولنگ کرتا ہے تو اپنے اسٹائل اور بولنگ کی رفتار اور کاٹ سے دیکھنے والوں کو حیران کر دیتا ہے اور اس وقت وہ اپنے شہر ہی نہیں بلکہ اطراف کے علاقوں میں پاکستانی مالنگا کے نام سے مشہور ہوگیا۔
نوجوان فاسٹ بولر کے کوچ امان اللہ ہیں جن کا شکوہ ہے کہ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے کئی پاکستانی نوجوانوں کا ٹیلنٹ اور خواب ٹوٹ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ انڈر 13 اور 15 کی کوچنگ کر رہے ہیں تاکہ گراس روٹ لیول سے اچھی کرکٹ ملے۔
امان اللہ جو مقامی پارک میں اپنی مدد آپ کے تحت نیٹ لگا کر نوجوانوں کو تربیت دے رہیں انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوجوانوں کی تربیت کے لیے کرکٹ گراؤنڈ بنائے یا کم از کم ٹینٹ ہی لگا کر دے تاکہ یہاں کے نوجوان پاکستانی ٹیم میں شامل ہوکر ملک اور اپنے شہر کا نام روشن کر سکیں۔
سندھ کے ’مالنگا‘ 12 سالہ شاہزیب کیریو pic.twitter.com/MYBXbv5nNT
— Sagar Suhindero (@SagarSuhindro) August 26, 2023