تھر میں پہلی ڈیجیٹل فری لائبریری قائم

سندھ کے صحرائے تھر کی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل لائبریری ایک گاؤں میں کھول دی گئی، جہاں بچے اور نوجوان مفت کمپیوٹر و انٹرنیٹ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ضلع عمر کوٹ کے گوٹھ روحل وائے میں پہلی ڈیجیٹل لائبریری میں 10 کمپیوٹر رکھے گئے ہیں جو وہاں کی بچیوں، بچوں اور نوجوانوں سمیت زائد العمر افراد کے استعمال میں رہیں گے۔

مذکورہ ڈیجیٹل لائبریری سے قبل وہاں کتابوں کی لائبریری کچھ عرصہ قبل ہی قائم کی گئی تھی لیکن اب جدید دور کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے مخیر حضرات اور اداروں کی معاونت سے وہاں کمپیوٹر لیب بھی کھول لیا گیا۔

حلیم باغی فاطمہ پر لکھی گئی نظم پڑھتے ہوئے اشکبار ہوگئے

ڈیجیٹل لائبریری کے افتتاح کے موقع پر روحل وائے میں ایک چھوٹی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں سندھ کے انقلابی اور مزاحمتی شاعر حلیم باغی نے رانی پور کی حویلی میں قتل کی گئی کم سن فاطمہ کی زندگی پر لکھی گئی نظم بھی پڑھی اور ان کی نظم پڑھنے کی ویڈیو وائرل بھی ہوگئی۔

روحل وائے میں قائم کی گئی لیبارٹری مختلف مخیر حضرات اور اداروں کی مالی معاونت سے کھولی گئی اور وہاں بچوں سمیت بالغ افراد کو مفت کمپیوٹر تعلیم و تربیت دی جائے گی۔

روحل وائے کا گاؤں سندھ بھر میں مشہور ہے، کیوں کہ اسی گاؤں میں جہاں حلیم باغی پیدا ہوئے، وہیں معروف شاعر جمن دربدر بھی پیدا ہوئے تھے جب کہ وہاں دیگر شاعر،تاریخ دان، سیاست دان اور گلوکار بھی پیدا ہوئے۔

https://twitter.com/AnOutSpokenn/status/1695728288424243426