سندھ کے معروف عالم دین، بزرگ عبدالصمد ہالیجوی رحلت فرما گئے
جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سربراہ, عالم دین اور روحانی پیشوا مولانا عبد الصمد ہالیجوی انتقال کر گئے۔
حضرت عبدالصمد ہالیجوی ضعیف العمری کی وجہ سے کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے اور ہسپتال میں داخل تھے۔
ان کی علالت کے دوران جمعیت علما اسلام کے کارکن مسلسل ان کی تیمارداری اور عیادت کے لئے اسپتال میں حاضری دیتے رہے۔
منگل 29 اگست کی صبح انہوں نے جان جانِ آفرین کے سپرد کی تو ان کی وفات کی خبر سرعت کے ساتھ ملک بھر میں پھیل گئی اور لوگ جوق در جوق اسپتال اور بعد ازاں حضرت عبدالصمد ہالیجوی کی درگاہ پر پہنچنا شروع ہو گئے۔
ولیِ کامِل حضرت مولانا سائیں عبدالصمد ھالیجوی رح کی نماز جنازہ بعد از مغرب متصل خانقاہ ھالیجوی شریف تحصیل پنوعاقل ضلع سکھر میں ادا کی گئی، جنازہ میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
سائیں عبدالصمد ہالیجوی صاحب کی نماز جنازہ کے انتظامات جمعت علما اسلام سندھ کے کارکنوں نے سنبھال رکھے تھے۔
جنازہ میں شرکت کے لئے دور دور سے آنے والے سوگواروں کو کھلے میدان میں بنائی گئی جنازہ گاہ تک پہنچانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔
ان کے انتقال پر سندھ سمیت پاکستان بھر کے عالم دین اور دیگر شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔