لاڑکانہ میں زہریلی لسی پینے سے 4 افراد فوت
شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے گاؤں میں زہریلی لسی پینے سے ایک ہی گھر کے 8 افراد بے ہوش ہوگئے، جنہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں 4 افراد فوت ہوگئے۔
سندھی اخبار کاوش کے مطابق تحصیل میرو خان کے نواحی گاؤں حاجی غوث بخش بروہی میں زہریلی لسی کے ساتھ کھانا کھانے والے ایک ہی خاندان کے 8 افراد بے ہوش ہوگئے۔
بے ہوش ہونے والے افراد میں مسمات جنت، سیما، بلقیس، روبینا، مومنا، غوث بخش، حفیظ اور زوہیب شامل ہیں، جنہیں ابتدائی طور پر میروخان اسپتال لے جایا گیا لیکن بعد ازاں طبیعت خراب ہونے پر انہیں لاڑکانہ کے مرکزی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد چار افراد سیما، بلقیس، روبینا اور مومنا فوت ہوگئیں۔