کشمور مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے سندھ بھر میں مظاہرے

کشمور میں تین دن سے ہندو برادری کے مغویوں کی بازیابی کیلئے جاری دھرنے کی حمایت میں سندھ کے متعدد شہروں میں بھی دھرنے شروع ہوگئے جب کہ دھرنوں کی حمایت میں متعدد سیاسی و مذہبی جماعتیں بھی میدان میں آگئیں۔

کشمور میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے دنگل پر تین دن سے دھرنا جاری ہے اور دھرنے کے بعد پولیس نے تین مغویوں کو بھی بازیاب کرالیا۔

کشمور میں جاری دھرنے کی حمایت میں شکار پور، جیکب آباد ، سکھر ، لاڑکانہ، کنڈیارو،کنڈیارو کراچی اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی دھرنے شروع کردیے گئے۔

ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے دیے گئے دھرنوں میں ہندو برادری، سول سوسائٹی کے ارکان، ادیب، سیاست دان اور صحافی بھی شامل ہیں۔

ہندو مغویوں کی بازیابی کے لیے پہلی بار کشمور میں طویل دھرنا

شکارپور میں دھرنہ لکیدر گھنٹہ گھر چوک پر دیا گیا جہاں شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں مغویوں کی بازیابی اور مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔

دھرنے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ مغویوں کی بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی قومی شاہراہ زیرو پوائنٹ پر دھرنا دیا جائے گا۔

جیکب آباد میں بھی ہائی وے پر دھرنا دیا گیا۔ سندھ میٹرز کو موصول رپورٹس کے مطابق کنڈیارو میں بھی ہائی وے پر دھرنا دیا گیا۔

سکھر اور گھوٹکی کے ساتھ ساتھ حیدرآباد اور کراچی میں بھی ہندوؤں سے اظہار یکجہتی کے لیے دھرنے دیے گئے اور پولیس سے جلد مغوی بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔