شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس، لطیف ایوارڈز کی تقسیم

حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی ہ کے 280ویں عرس مبارک کے تیسرے روز بھٹائی کی شاعری، فن ،فکر اور پیغام پر تحقیق کرنے والے محقق،فنکاراور دیگر میں لطیف ایوارڈ تقسیم کیے گئے ۔

تقریب میں سندھ کے نگران وزیر محکمہ ثقافت سید جنید علی شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

لطیف ایوارڈ 2023 حاصل کرنے والوں میں شاہ کے بہترین راگی کا ایوارڈ رانو جونیجو،بہترین محقق تاج جویوکا ایوارڈ ان کے فرزند روپلوتاج جویو نے وصول کیا جبکہ بہترین سگھڑ خلیل الرحمان مہیسر ،بہترین ڈھولک محمد نواز ،بہترین سازندہ الغوزہ اکبر خمیسو خان ،بہترین راگ واحد لاشاری، بہترین گلوکار مرحوم استاد سینگا رعلی سلیم کا ایوارڈ ان کے پوتے اسد علی سینگار کو دیا گیا۔

سندھ کو متحد رکھنے والی واحد شخصیت شاہ عبداللطیف بھٹائی

نگران صوبائی وزیر ثقافت ڈاکٹر جنید علی شاہ نے لطیف ایوارڈ اور شیلڈز تقسیم کیں جبکہ لطیف ایوارڈ کے ساتھ ایک لاکھ رروپے نقد انعام بھی دیاگیا۔

مختلف محکموں کی جانب سے عرس مبارک کے دوران بہترین انتظام کرنے پر ایس ایس پی مٹیاری کلیم ملک، محکمہ اطلاعات کے اسسٹنٹ سعید شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر علی ، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک حزب اللہ بھٹو ، ڈی آئی بی انچارج اعظم مرزا ،محکمہ اوقاف کے افسر جمیل انصاری، بھٹ شاہ کلچرل سینٹر انچارج رحمت اللہ راجڑ اور دیگر کو ان کی بہترین خدمات کے اعتراف کی شیلڈز دی گئیں۔

لطیف ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر ثقافت ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ میلے کے تینوں روز کی شرکت کے یادگار لمحات زندگی بھرمیرے ذہن میں محفوظ رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھٹ شاہ میں قیام کے دوران شاہ لطیف کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کی میلے کے میزبان کی حیثیت سے ضلع انتظامیہ ،صحت ، پولیس اور میڈیا کے نمائندوں کا شگرگزار ہوں جنہوں نے عرس مبارک کی تقریبات کو اپنے اداروں کے ذریعے ملکی وبیرون ممالک تک پہنچایا۔

اس موقع پر سیکرٹری ثقافت عبدالعلیم لاشاری، سیکرٹری اوقاف منور مہیسر ،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن،ڈی آئی جی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ،ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر، ڈائریکٹر کلچر اعجاز شیخ ،ڈائریکٹر کلچرشیر محمد مہر ،ڈائریکٹر کلچر حبیب ا للہ میمن،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات محمد صابر کاکا، صوبائی وزیر کلچر کے پبلک ریلیشنز آفیسر عاطف وگھیو کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے –