ڈھرکی میں سُسر پر بہو سے ناجائز تعلقات کا الزام

شمالی سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈھرکی کے نوجوان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیوی کے ان کے والد کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جس وجہ سے انہوں نے بیوی کو طلاق دے دی تھی مگر والد نے پھر سے ان کی بیوی کو گھر میں لا بٹھایا ہے اور انہیں گھر سے نکال دیا۔

ڈھرکی پریس کلب میں ’ٹائمز نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے نوجوان عامر بھٹو نے الزام عائد کیا کہ ان کی اہلیہ نِشاد خاتون کے ان کے والد رشید احمد بھٹو سے ناجائز جنسی تعلقات تھے اور انہوں نے دونوں کو غلط کام کرتے ہوئےکچھ ماہ قبل ہی دیکھا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے والد اور اہلیہ کے درمیان کافی عرصے سے ناجائز تعلقات تھے مگر مذکورہ معاملہ حال ہی میں سامنے آیا اور جب انہوں نے سارا ماجرا اپنی آنکھوں سے دیکھا تو اہلیہ کو طلاق دے کر گھر سے نکال دیا۔

ان کے مطابق انہیں دو بچے بھی ہیں مگر اہلیہ کے غلط کام کی وجہ سے انہوں نے اسے طلاق دی۔

 

ڏهرڪي ۾ همراهه تي
نوجوان کے مطابق ان کے والد کے ان کی بیوی سے ناجائز تعلقات ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

نوجوان عامر بھٹو نے مزید بتایا کہ ان کے والد نے انتہائی غلیظ کام کرتے ہوئے ان کی طلاق یافتہ بیوی کو گھر میں بٹھا رکھا ہے جب کہ آواز اٹھانے پر ان کے والد نے والدہ آمنا بھٹو کو طلاق دے کر انہیں گھر سے نکال دیا۔

نوجوان کے ہمراہ عمر رسیدہ والدہ آمنا بھٹو بھی موجود تھیں اور انہوں نے بھی الزام عائد کیا کہ ان کی بہو نے انہیں اور ان کے بچوں اور دوسری بہو کو گھر سے نکوا دیا۔

نوجوان نے حکومت سے اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کی آواز سنی جائے اور ان کے والد کے خلاف ایکشن لے کر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب سے نوجوان کی جانب سے سنگین الزامات لگائے جانے کے بعد تاحال ان کے والد نے کوئی بیان نہیں دیا اور انتظامیہ نے بھی فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کوئی ایکشن نہیں اٹھایا۔