سندھ میں صرف 73 ہزار افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہیں، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ (یو این) کے مہاجرین سے متعلق ذیلی ادارے اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این سی ایچ آر) کے مطابق سندھ میں صرف 73 ہزار 400 تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین ہیں، غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کا ڈیٹا دستیاب نہیں۔

یو این سی ایچ آر کی ویب سائٹ کے مطابق جون 2023 تک پاکستان میں 37 لاکھ افغان مہاجرین موجود تھے، جس میں سے صرف 13 لاکھ رجسٹرڈ تھے، باقی 24 لاکھ افغانی شہری غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم ہیں۔

ملک میں رہنے والے غیر قانونی افغان مہاجرین میں سے 68 فیصد افغانی شہروں میں رہتے ہیں۔

افغان مہاجرین کے نام پر سندھ میں پختونوں کو تنگ کرنا بند کیا جائے: ایمل ولی خان

عالمی ادارے کے مطابق سندھ میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 73 ہزار 379 ہے جب کہ پنجاب میں ایک لاکھ 19 ہے رجسٹرڈ افغانی رہتے ہیں۔

اسی طرح سب سے زیادہ رجسٹرڈ افغانی کے پی میں ساڑھے سات لاکھ رہتے ہیں، بلوچستان میں ان کی تعداد سوا تین لاکھ تک ہے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے دعووں کے برعکس سندھ حکومت اور سندھ پولیس سمیت سندھ کے سیاست دانوں اور سماجی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ سب سے زیادہ غیر قانونی افغان مہاجرین سندھ میں بستے ہیں، جن میں سے زیادہ تر دارالحکومت کراچی میں مقیم ہیں، جس وجہ سے صوبے کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔