کراچی سے پیروں کے گھر سے ایک اور نوجوان لڑکی اقصیٰ چانڈیو لاپتا

دارالحکومت کراچی میں ضلع خیرپور کے پیروں کے فلیٹ سے نوجوان لڑکی لاپتا ہوگئی، جس کا ایک ماہ گزرنے کے باوجود کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

سندھ میٹرز کی جانب سے کی گئی تفتیش کے مطابق اقصیٰ چانڈیو نامی لڑکی گزشتہ چند سال سے مذکورہ پیروں کے فلیٹ پر اپنی چھوٹی بہن زینب چانڈیو کے ہمراہ ملازمت کرتی تھیں۔

دونوں بہنوں کو والدین نے پیر پاگاڑا کی خاتون کزن نعیما شاہ راشدی کے گھر ملازمت کے لیے رکھا تھا جو کہ پیر جو گوٹھ کے مریدوں کے گھرانے سے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق نعیماں شاہ کے گھر سے 16 سالہ اقصیٰ چانڈیو گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے لاپتا ہیں اور مقدمہ دائر ہونے کے باوجود تاحال ان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

اقصیٰ چانڈیو کی پراسرار گمشدگی سے متعلق 15 اگست کو کراچی کے درخشاں تھانے میں اغوا اور گمشدگی کا مقدمہ بھی دائر کیا گیا۔ مقدمہ لڑکی کے والد ایاز چانڈیو کی مدعیت میں دائر کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے تاحال کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کی۔

مذکورہ معاملہ دو دن قبل اس وقت منظر عام پر آیا جب سندھ کے مختلف سوشل میڈیا صارفین نے اقصیٰ چانڈیو کی پراسرار گمشدگی اور مبینہ اغوا سے متعلق ٹوئٹ کرنا شروع کیں۔

سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اقصیٰ چانڈیو ڈیفینس کے علاقے میں ساحل سمندر کے قریب واقع سی ویو اپارٹمنٹ کے قریب مبینہ طور پر اغوا ہوگئی اور والد نے ایف آئی آر میں ایک نامعلوم شخص کو بیٹی کے اغوا میں نامزد کیا۔

والد کی جانب سے ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ اقصیٰ فلیٹ سے نیچے سامان لینے گئی، جہاں ایک نامعلوم شخص انہیں ورغلا کر اغوا کرکے لے گیا۔

لاپتا لڑکی کے والد نے ٹائم نیوز کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی گمشدگی کی اطلاع انہیں سیدہ نعیماں شاہ راشدی نے دی، جس کے بعد وہ کراچی پہنچے تو مذکورہ سیدہ نے انہیں اور ان کی اہلیہ کو دو دن تک کمرے میں قید کر دیا اور اس وعدے پر چھوڑا کہ اقصیٰ کی گمشدگی سے متعلق کہیں کوئی بات نہیں کی جائے گی۔

ایاز چانڈیو نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کی نوجوان بیٹی کو نعیماں شاہ نے یا تو فروخت کردیا ہے یا پھر انہیں قتل کردیا گیا ہوگا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، چیف جسٹس اور خود پیر پاگاڑہ سے بھی التجا کی کہ ان کی مدد کرکے ان کی بیٹی کو بازیاب کروایا جائے اور انہیں ذہنی پریشانی سے نجات دلائی جائے۔

رانی پور کی حویلی سے لاپتا ہونے والی لڑکی کا مقدمہ دائر

 

پی پی رہنما کے گھر میں ملازمت کرنے والی نوجوان لڑکی کراچی سے غائب