سکرنڈ آپریشن کا ایک زخمی چل بسا، ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی

نوابشاہ کی تحصیل سکرنڈ کے قریب گاؤں ماڑی جلبانی میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران زخمی ہونے والا مزید ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔

سندھ پولیس اور رینجرز نے 28 ستمبر کو خفیہ معلومات پر آپریشن کیا تھا، جس دوران فورسز کی کارروائی کے دوران 4 افراد ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے مزید ایک زخمی چل دوران علاج چل بسا۔

مذکورہ آپریشن کے حوالے سے ترجمان پاکستان رینجرز سندھ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ رینجرز اور پولیس کا سکرنڈ میں مشترکہ آپریشن خفیہ ادارے کی جانب سے شرپسند اور جرائم پیشہ افراد کے موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

سکرنڈ میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ’ہائی ویلیو ملزمان کے پاس بارودی مواد اور اسلحے کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ رینجرز اور پولیس کو دیکھتے ہی شرپسند عناصر نے حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں رینجرز کے چار جوان زخمی ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی میں تین حملہ آور جان سے گئے۔‘

رینجرز سے قبل سندھ پولیس نے آپریشن کے دوران چار افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شہید بینظیر آباد (نوابشاہ) نے تصدیق کی تھی کہ تحصیل سکرنڈ کے گوٹھ میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن کے دوران 4 افراد ہلاک اور اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔

سکرنڈ کے قریب گاؤں ماڑی جلبانی میں پولیس اور رینجرز نے 28 ستمبر کو خفیہ معلومات پر آپریشن کیا تھا، جس دوران اہلکاروں اور گاؤں والوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کے آپریشن کے دوران 4 افراد ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوگئے تھے، ساتھ ہی 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے اور نگران وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا تھا کہ آپریشن کے دوران دو مشتبہ ملزمان ہلاک ہوئے۔

سکرنڈ آپریشن میں 4 افراد ہلاک، 9 زخمی ہوئے، ایس ایس پی حیدر رضا

ایس ایس پی شہید بینظیر آباد نے تصدیق کی تھی کہ آپریشن کے دوران 4 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 30 سالہ الہداد جلبانی، 40 سالہ شہمیر جلبانی، 35 سالہ سجاول جلبانی اور کھرڑ جلبانی شامل ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق آپریشن کے دوران سارنگ، امام الدین اور علی نواز جلبانی زخمی بھی ہوگئے۔

حیدر رضا کے مطابق آپریشن کے دوران پانچ رینجرز اہلکار محمد آصف، عبدالرشید، محمد اویس، محمد نعیم اور اویس اصغر بھی زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ پولیس اور رینجرز نے گاؤں میں کالعدم تنظیم سندھ ریوولیوشنری آرمی (ایس آر اے) کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا جو کہ سندھ بھر میں ہونے والی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔

سکرنڈ کے گاؤں میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کی سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں اور سوشل میڈیا صارفین نے نگران صوبائی حکومت، وفاقی حکومت اور آرمی چیف سے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

واقعے کے بعد ٹوئٹر پر سکرنڈ اور سکرنڈ بلیڈ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرنے لگا۔