سکرنڈ آپریشن کی عدالتی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت سے جواب طلب
شہید بینظیر آباد کی تحصیل سکرنڈ کے قصبے ماڑی جلبانی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی عدالتی تحقیقات کے لیے دائر درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزاروں رشید اے رضوی، ذوالفقار جلبانی اور عاقب راجپر کی جانب سے بیرسٹر صلاح الدین احمد عدالت میں پیش ہوئے۔
کیس کی سماعت جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے چیمبر میں کی۔
درخواست گزاروں کے مطابق سکرنڈ میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر اعتماد نہیں۔
سکرنڈ آپریشن: گوٹھ ماڑی جلبانی کے 250 دیہاتیوں پر مقدمہ دائر
درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے جج کی نگرانی میں جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور شفاف تحقیقات کر کے معاملے کے اصل ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 28 ستمبر کو سکرنڈ کے گاؤں ماڑی جلبانی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مارا تھا، واقعہ میں فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ فائرنگ سے عورتوں اور بچوں سمیت 12 دیہاتی شدید زخمی ہوئے تھے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کر کے فریقین سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔
سکرنڈ آپریشن میں 4 افراد ہلاک، 9 زخمی ہوئے، ایس ایس پی حیدر رضا