خیرپور: بیٹیوں کے باپ پر ریپ کے سنگین الزامات
شمالی سندھ کے ضلع خیرپور کی نوجوان بیٹیوں نے اپنے والد پر ریپ کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے والد ان کی چھوٹی بہن کو فروخت کرنے کے لیے گھر سے لے کر فرار ہوگئے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرزانہ اور رضوانہ شاہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے والد علی رضا شاہ انتہائی غلیظ انسان ہیں، جنہوں نے ان تینوں بہنوں کے ساتھ ریپ کیا اور یہ سلسلہ کئی ماہ تک چلتا رہا۔
رضوانہ اور فرزانہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے والد نے انہیں ریپ کا نشانہ بنائے جانے کے بعد دوسرے لوگوں کے ساتھ ناجائز جنسی تعلقات کے الزام کے تحت انہیں کاری قرار دیا اور اپنے مخالفین سے پیسے وصول کیے۔
بچیوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے والد نے انہیں ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض فروخت کرکے ان کی شادی کروادی اور اب ان کی چھوٹی یعنی چوتھی بہن کو ان کے والد لے کر فرار ہوگئے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ وہ ان کی کم سن بہن کو فروخت کردیں گے۔
بچیوں نے سندھ حکومت، پولیس، عدالتوں اور فلاحی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لے کر انہیں اںصاف فراہم کریں اور ان کے والد کو گرفتار کرکے اسے سخت سے سخت سزا دی جائے۔
بچیوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے والد کو گرفتار کرکے چوراہے پر لٹکادیا جائے۔
دوسری جانب بچیوں کے الزامات کے بعد تاحال خیرپور کی مقامی انتظامیہ، پولیس یا وہاں کی فلاحی تنظیموں نے مذکورہ معاملے پر فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔
بچیوں کی جانب سے والد کے خلاف سامنے آکر میڈیا سے بات کرنے کے بعد ان کے تحفظ کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں اور انہیں نقصان پہنچائے جانے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔