جان محمد مہر کے قاتل کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کردی گئی، نگران وزیر اطلاعات سندھ
سندھ کے نگران وزیر اطلاعات احمد شاہ کے مطابق صحافی جان محمد مہر کے قتل پر سندھ کے صحافی غصے میں ہیں، سکھر کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نے ڈاکو کے سر کے لیے 50 لاکھ رکھنے کی درخواست کی تھی، 50 لاکھ روپے کی ہیڈ منی کی اپروول دے دی گئی۔
حیدر آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں احمد شاہ نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کو نکالنے کے لیے حکومت پیچھے نہیں ہوئی ، سب سے زیادہ اثر کے پی کے میں پڑا ہے، جو افغان رجسٹرڈ ہیں انہیں نہیں نکال رہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کو نکالا جارہا ہے، آگے جاکر اور بھی سخت فیصلے ہونگے۔
نگران وزیر سندھ نے کہا کہ صحافی جان محمد مہر کے قتل پر سندھ کے صحافی غصے میں ہیں، سکھر کے ایس ایس پی نے ڈاکو کے سر کے لیے 50 لاکھ رکھنے کی درخواست کی تھی، 50 لاکھ روپے کی ہیڈ منی کی اپروول دے دی گئی ہے۔
جان محمد مہر کے قاتل کی گرفتاری کے لیے 50 لاکھ روپے انعام مقرر کرنے کی سفارش
ان کا کہنا تھا کہ پریس کلب صحافیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی جگہ ہے، بیٹ رپورٹر وزیر کو بھی گائیڈ کرسکتا ہے کیونکہ منسٹر آتے جاتے رہتے ہیں، صحافیوں کے علاج کے مسائل لازمی حل ہونے چاہئیں ان کے بچے بھوکے نہ مریں، صحافیوں کا سارا فنڈ صحافیوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملے گا۔
خیال رہے کہ رواں سال اگست میں صحافی جان محمد مہر پر دفتر سے گھر جاتے ہوئےکوئنس روڈ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ جاں بحق ہوگئے تھے۔
ان کے قتل کا مقدمہ ان کے بڑء بھائی کی فریاد پر درج ہے اور متعدد ملزمان کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے، تاہم 6 ماہ گرز جانے کے باوجود مرکزی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے گزشتہ ہفتے جان محمد مہر کے قاتل شیرو مہر کے سر پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کرنے کی درخواست کی تھی، اب وزیر اطلاعات نے بتایا ہے کہ اس کی منظوری دیدی گئی۔