سندھ ٹیچنگ لائسنس کے ٹیسٹ کے لیے درخواستیں طلب

سکھر کی یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے تحت چلنے والی ٹیسنگ سروس کے تحت سندھ ٹیچنگ لائسنس کے ٹیسٹ کے لیے درخواستیں طلب کرلی گئیں۔

سندھ ٹیسٹنگ سروسز (ایس ٹی ایس) کے تحت سرکاری اساتذہ سمیت نجی اساتذہ کو بھی لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امیدوار آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں جب کہ انہیں ٹیسٹ کی مد میں تقریبا 2 ہزار روپے فیس بھی ادا کرنی ہوگی اور تمام امیدواروں سے انگریزی میں ٹیسٹ لیا جائے گا، تاہم سبجیکٹ اسپیشلسٹ سے اردو اور سندھی میں بھی ٹیسٹ لیا جائے گا۔

سندھ میں ٹیچنگ لائسنس پالیسی متعارف

پالیسی کے تحت ٹیچرز پروفیشنل لائسنس کے حصول کے لیے بی ایڈ اور ایم ایڈ کی شرط مقرر کی گئی ہے۔ لائسنس یافتہ افراد 16 گریڈ کے ٹیچرز کی اسامیوں پر درخواست دینے کے اہل ہوں گے اور اس کے بعد بالائی گریڈ میں ترقی کے لیے تربیت لازمی ہوگی۔

خیال رہے کہ ٹیچنگ لائسنس کی 3 اقسام ہوں گی ان اقسام میں پرائمری، ایلیمینٹری اورسیکنڈری شامل ہیں، لائسنس نئے ٹیچر بننے والوں کو ٹیسٹ لینے کے بعد دیا جائے گا، لائسنس لائف ٹائم نہیں ہوگا بلکہ 5 سال کے لیے ہوگا اور 5 سال کے بعد اس کی تجدید کی جائے گی۔