سندھ بھر میں بارشوں سے 40 ارب روپے کا نقصان، گھر و فصلیں تباہ، بیماریاں پھوٹ پڑیں

—فوٹو: ٹوئٹر

سندھ حکومت کے مطابق صوبے میں حالیہ مون سون کی بارشوں سے اندازے کے مطابق 40 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے مدد مانگی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہونے والے بارشوں کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے انہیں متاثرہ علاقوں سے متعلق آگاہی دی۔

وزیر اعلیٰ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو بتایا کہ صوبے میں اب تک ہونے والی بارشوں سے اندازے کے مطابق 40 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

 

وزیر اعلیٰ کی جانب سے آگاہی کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کو مدد فراہم کرنے کی بات کریں گے۔

اس سے قبل حکومت سندھ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ شدید بارشوں کے بعد صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور جام خان شورو نے حیدرآباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

 

بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے وقت شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو امدادی کارروائیوں کے لیے 30 ، 30 لاکھ روپے فوری جاری کر دیئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ مون سون کے حالیہ اسپیل سے حیدرآباد ، جامشورو ، دادو ، ملیر ، عمرکوٹ ، مٹیاری ، بدین ، ٹھٹہ اور سجاول اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جب کہ شہروں کے انفراسٹرکچر اور دیہی علاقوں میں فصلوں کو شدید نقصان ہوا ہے۔