روبی علی کی بلاول بھٹو کو کی گئی التجا کی ویڈیو وائرل

—اسکرین شاٹ

سندھ میں شدید بارشوں کے باعث جہاں سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے صوبے بھر کے لوگ افسردہ ہیں، وہیں ٹک ٹاکر روبی علی نے بھی  بارشوں سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو روکر التجا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

روبی علی نے صوبے میں مسلسل تین دن تک ہونے والی بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے کےپر فیس بک پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ کار میں بیٹھی دکھائی دیں اور انہوں نے رو رو کر بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی۔

 مختصر ویڈیو میں روبی علی نے بلاول بھٹو کو مخاطب ہوکر منفرد انداز میں کہا کہ جب زیادہ بارش آتی ہے تو زیادہ پانی آ تا ہے جس سے سندھ ڈوب جاتا ہے اور لوگ بھی ڈوب جاتے ہیں

ویڈیو میں روبی علی سندھ میں بارشوں کی تباہ کاریوں کی بات کرتے ہوئے اشکبار ہوجاتی ہیں اور بلاول بھٹو زرداری کو ہاتھ جوڑ کر التجا کرتی ہیں کہ وہ سندھ کو بچالیں، سندھ کے لوگوں کو بچالیں۔

ویڈیو میں روبی علی پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو مخاطب ہوکر کہتی ہیں کہ اگر وہ ڈوبے ہوئے سندھ کو بچالیں گے تو سندھ کے لوگ باقی زندگی جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے رہیں گے اور انہیں ہی ووٹ دیتے رہیں گے۔

ویڈیو میں ٹک ٹاکر رو رو کر بلاول بھٹو کو سندھ کو بچانے اور سندھی لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

روبی علی کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں نے ان کی کاوش کو سراہتے ہوئے انہیں سچا درد مند انسان قرار دیا۔

درجنوں لوۡۡگوں نے ان کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے بلاول بھٹو، وزیر اعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کو بھی پوسٹس میں مینشن کیا۔