سندھ کے ضلع خیرپور سے بھی گیس دریافت

سال 2024 کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران ضلع مٹیاری کے بعد اب ضلع خیرپور سے بھی گیس دریافت کرلی گئی جب کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران حیدرآباد، ڈہرکی اور ٹنڈو الہ یار سے ملنے والی گیس کو سسٹم میں شامل کیا جا چکا ہے۔
اب آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے بتایا ہے کہ اس نے ضلع خیرپور سے بھی گیس دریافت کرلی۔
سندھ کے ضلع مٹیاری سے ہالا کے قریب تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت
کمپنی کے مطابق ضلع خیرپور میں کنویں سے 14.3 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس یومیہ حاصل ہوگی۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ کنویں سے یومیہ 93 بیرل خام تیل بھی حاصل ہوگا۔ نئی دریافت سے ملکی تیل و گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
حیدرآباد و ڈہرکی کے بعد ٹنڈو الہ یار سے بھی تیل گیس کی پیداوار شروع
گزشتہ ہفتے ضلع مٹیاری کے شہر ہالا کے قریب سے بھی ماڑی پیٹرولیم نے گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے تھے اور اب رواں سال کے دوسرے ذخائر بھی سندھ سے دریافت کرلیے گئے۔ گزشتہ برس 2023 میں سندھ کے 6 اضلاع کے متعدد مقامات سے بھاری تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے گئے تھے۔