سندھ ڈوب ہوگیا، قومی میڈیا عمران خان کو دکھانے میں لگا ہوا ہے، نفیسہ شاہ

پیپلز پارٹی کی رہنما نے قومی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا—فوٹو: فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی سیدہ نفیسہ شاہ نے سندھ میں بارشوں کی تباہ کاریوں پر قومی میڈیا کی کوریج نہ کیے جانے پر افسوس کا اطہار کیا ہے۔

ایم این اے نفیسہ شاہ نے اپنے آبائی شہر خیرپور کی بارشوں سے تباہی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اردو میڈیا کو طعنہ دیا کہ سندھ ڈوب گیا مگر قومی میڈیا عمران خان خان کو دکھانے میں مصروف ہے۔

نفیسہ شاہ کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں خیرپور شہر کو زیر آب دیکھا جا سکتا ہے۔

 

ویڈیو میں سے معلوم ہوتا ہے کہ پورا شہر ڈوب چکا ہے اور وہاں گھروں میں بھی 5 فٹ تک پانی موجود ہے جب کہ شہر کی تمام سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

 

انہوں نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ بارش نے میرے شہر اور ضلع خیرپور کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

 

انہوں نے لکھا کہ بارشوں سے پہلے کھجور کی فصل گئی، پھر پورے گاؤں پانی کی زد میں آگئے، جس کے بعد بڑے پیمانے پر وہاں سے نقل مکانی ہوئی اور اب تک شہر میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 

انہوں نے ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ لیکن اس باوجود قومی میڈیا عمران ساگا پر لگا ہوا ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ اس وقت سیلاب متاثرین کو پوری قوم کے توجہ اور مدد کی ضرورت ہے۔

 

نفیسہ شاہ کے علاوہ بھی خیرپور سے تعلق رکھنے والے افراد نے وہاں سیلاب کی تباہ کاریوں کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جن سے عندیہ ملتا ہے کہ پورے ضلع کو بارشوں نے تباہ کردیا اور وہاں خیرپور سمیت گرد و نواح کے چھوٹے شہر بھی ڈوب گئے جب کہ درجنوں دیہات کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔