گھوٹکی کے بچے میں پولیو کی تصدیق، سندھ میں کیسز کی تعداد 13 ہوگئی

سندھ کے شمالی ضلع گھوٹکی میں بچے میں پولیو کی تصدیق کے بعد صوبے میں کیسز کی تعداد 13 تک جا پہنچی۔

ضلع گھوٹکی سے پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، تحصیل خان گڑھ کی یو سی خانپور مہر کے رہائشی تین سالہ بچے اسماعیل قادر پتافی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مذکورہ کیس کے بعد صوبے بھر سے رواں برس اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد جب کہ ملک بھر کے کیسز کی تعداد 47تک جا پہنچی۔

گھوٹکی میں پولیو کیس ایسے وقت میں رپورٹ ہوا ہے جب کہ حال ہی میں سندھ بھر میں پولیو ویکسین مہم چلائی گئی تھی۔

سندھ سے مزید دو پولیو کیسز کی تصدیق، تعداد 12 ہوگئی

گزشتہ ماہ اکتوبر کے وسط میں سانگھڑ اور میرپورخاص سے بھی پہلے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

سندھ میں اب تک سب سے زیادہ جیکب آباد سے 4 کیس سامنے آئے ہیں، جب کہ ضلع کیماڑی اور حیدرآباد سے بھی دو دو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

اسی طرح ایک کیس کراچی ڈویژن کے ضلع شرقی، ضلع سجاول اور ضلع شکارپور سے بھی ایک سامنے آچکا ہے۔

علاوہ ازیں رواں برس اب تک سندھ سمیت پاکستان بھر میں پولیو سے متاثر تین بچے جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق جاں رواں برس ملک بھر سے پولیو کیسز کے حوالے سے سندھ اس وقت دوسرے نمبر پر ہے، پہلے نمبر پر سب سے زیادہ کیسز بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔