مراد علی شاہ کی ہیلی کاپٹر سے اپنے ڈوبے ہوئے گائوں کی تصاویر بنانے کی ویڈیو وائرل

لوگوں نے مراد علی شاہ پر تنقید بھی کی—اسکرین شاٹ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاھ کی جانب سے ہیلی کاپٹر سے اپنے ڈوبے ہوئے گائوں باجارا کی ویڈیو اور تصاویر بنانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر لوگوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

ید مراد علی شاہ کا گائوں باجارا ہے جو کہ سیہون اور دادو کے درمیان واقع ہے۔

باجارا کے جڑواں قصبہ جھانگارا ہے اور دونوں قصبے 3 ستمبر کو سیلاب میں ڈوب گئے تھے اور وزیراعلیٰ نے گائوں کے ڈوبنے کے وقت علاقے کا فضائی دورہ بھی کیا تھا۔

سندھ حکومت کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے اپنے آبائی علاقے کے دورے کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کی گئیں، جن میں انہیں اپنے ڈوبے ہوئے گائوں کی ویڈیوز بناتے ہوئے دیکھا جا سکتاہے۔

وزیر اعلیٰ کو ہیلی کاپٹر پر بیٹھے ہوئے اپنے ڈوبے ہوئے گائوں سمیت پورے علاقے کی ویڈیوز اور تصاویر بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سیلاب سے ڈوبے علاقے کے دورے کے وقت وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزیر تیمور تالپور بھی ساتھ تھے۔

وزیر اعلیٰ کی جانب سے اپنے ڈوبے ہوئے گائوں کی ہیلی کاپٹر سے ویڈیوز اور تصاویر بنانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور لوگوں نے لکھا کہ حکومت خود سندھ کو سیلاب کی نظر کر رہی ہے۔