سندھ کے متحرک سماجی کارکن سعید سانگری کا ٹوئٹر اکائونٹ معطل

سعید سانگری ٹوئٹر پر متحرک رہتے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

سندھ کے متحرک سماجی کارکن اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سعید سانگری کا ٹوئٹر اکائونٹ معطل ہونے پر کئی لوگ پریشان ہوگئے اور انہوں نے ٹوئٹر سے اپیل کی کہ سماجی کارکن کا اکائونٹ بحال کیا جائے۔

سعید سانگری ٹوئٹر پر متحرک رہتے ہیں اور وہ سندھ بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، اقلیتوں کے مسائل، انتہا پسندی، بچوں اور خواتین کے ساتھ ناانصافی سمیت مختلف سماجی مسائل پر گفتگو کرنے سمیت ایسے مسائل کو سامنے لاتے رہتے ہیں۔

 

حالیہ دنوں میں سندھ بھر میں ہونے والی سیلاب کی تباہ کاریوں اور سیلاب سے ڈوبے دیہات میں پھنسے لوگوں کے ریسکیو اور متاثرین کی امداد کے لیے بھی انہوں نے ٹوئٹر کا بخوبی استعمال کیا مگر ان کا اکائونٹ 9 ستمبر کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر معطل کردیا گیا۔

سعید سانگری کے ٹوئٹر پر 35 ہزار سے زائد فالوورز اور وہ عام طور پر سماجی نابرابری اور حکومت سمیت انتظامیہ کی نااہلی پر کھل کر ٹوئٹس کرتے رہے ہیں مگر اس بار سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران ان کے اکائوںٹ معطل ہونے پر کئی لوگ پریشان بھی دکھائی دیے، کیوں کہ بہت سارے لوگ ان کی ٹوئٹس کے ذریعے ہی معلومات حاصل کرتے تھے۔

اگرچہ ٹوئٹر نے واضح نہیں کیا کہ سعید سانگر کا اکائونٹ کیوں معطل کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ سماجی کارکن کا اکائونٹ ان کی جانب سے حالیہ سیلاب کے دنوں میں بعض پرتشدد تصاویر یا پوسٹس ٹوئٹ کرنے کی وجہ سے ہی ان کا اکائونٹ معطل کردیا گیا ہوگا۔

ان کے اکائونٹ کو معطل کیے جانے کے بعد متعدد صحافیوں، سماجی ارکان اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے ٹوئٹر سے اپیل کی کہ سعید سانگری کا اکائونٹ بحال کیا جائے۔