پہلے ہی سیلاب سے ڈوبے سندھ میں پھر سے بارشیں

پھر سے بارشیں ہونے سے متاثرین کی مشکلات بڑھ گئیں—فوٹو: ٹوئٹر

جون سے اگست تک شدید بارشوں اور پھر سیلاب سے پہلے سے ہی ڈوبے سندھ میں 10 ستمبر سے بارشوں کا نیا سیزن شروع ہوا، جس نے دارالحکومت کراچی سمیت تقریبا پورے سندھ کے شہروں میں متاثرین کی تکالیف میں اضافہ کردیا۔

دارالحکومت کراچی میں 12 ستمبر کو تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش سے کئی علاقوں میں گھنٹوں تک پانی کھڑا رہا جب کہ مختلف حادثات کی وجہ سے دو افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

دارالحکومت سے قبل حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژن کے مختلف اضلاع اور علاقوں میں 10 ستمبر کو تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے 12 تک جاری رہا۔

عمرکوٹ، سجاول، بدین۔ ٹنڈو محمد خان، نوشہروفیروز، مٹیاری اور نوابشاہ ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی اور مختلف حادثات کے باعث دو افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

تازہ برسات نے متعدد علاقوں میں پہلے ہی بارش اور سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد مزید تکلیف میں آگئے اور ان کے لیے روڈوں پر رات گزارنا بھی دشوار ہوگیا۔