سیہون کے دورے کے دوران مراد علی شاہ کی کشتی کا تیل ختم ہوگیا

اسکرین شاٹ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے اپنے آبائی علاقے سیہون کا فضائی اور زمینی دورہ کیا گیا مگر ان کے زمینی دورے کے دوران کشتی کا تیل ختم ہونے پر مزدوروں نے کھینچ کر کشتی کو پانی سے باہر نکالا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کردہ ویڈیوز میں بتایا گیا کہ سید مراد علی شاہ نے 12 ستمبر کو سیہون اور منچھر کے آس پاس کے علاقوں کا نہ صرف فضائی دورہ کیا بلکہ انہوں نے کشتی کے ذریعے زمینی دورہ بھی کیا۔

ٹوئٹر پر وزیر اعلیٰ کے دورے کی تمام ویڈیوز شیئر کی گئیں، جن میں انہیں ہیلی کاپٹر سے علاقے کا فضائی دورہ جب کہ کشتی کے ذریعے زمینی دورہ کرتے دکھایا گیا۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ چند افسران بھی تھے، تاہم انہیں کسی سیکیورٹی کے بغیر دیکھا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ٹوئٹر اکائونٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سید مراد علی شاہ جس کشتی میں سوار تھے، اسے مزدور کھینچ کر پانی سے باہر لا رہے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو سے متعلق بتایا گیا کہ سید مراد علی شاہ نے کشتی پر 8 یوسیز کے درجنوں دیہات کا دورہ کیا اور اس دوران کشتی کا تیل بھی ختم ہوگیا۔

وزیر اعلیٰ کی کشتی کا تیل ختم ہونے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگوں نے اس پر طرح طرح کے تبصرے بھی کیے۔