سندھ کی تقسیم کی قائل جماعت کی فرمائش پر کامران ٹیسوری کو گورنر بنایا گیا، قادر مگسی
سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے سربراہ اور سندھ کے اہم ترین رہنما ڈاکٹر قادر مگسی نے کامران ٹیسوری کو گورنر مقرر کیے جانے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کارڈ کھیلنے والی جماعت نے صوبے کی تقسیم کی قائل جماعت کی فرمائش پر انہیں گورنر تعینات کیا۔
انہوں نے سجاول میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داراسٹیبلشمنٹ ہے۔
ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ کارڈ کھیلنے والی حکمران جماعت نے سندھ کی تقسیم کی قائل لسانی تنظیم کی فرمائش پر سندھ کے اہم کلیدی عہدوں چیف سیکریٹری اور سندھ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے عہدوں کے بعد اب کامران ٹسوری کو سندھ کا گورنر تعینات کر دیا ہے، جو سندھ کی عوام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر عبدالقادر مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے‘ ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داراسٹیبلشمنٹ ہے جس کی گزشتہ 75 سالوں سے پالیسیاں غلط رہی ہیں کہ انہوں نے کبھی بھی لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ہی نہیں دیا۔