مصنف عبدالباری منگی انتقال کر گئے

لکھاری، شاعر و ادیب عبدالباری منگی عارضہ قلب کے بعد 15 اکتوبر کو انتقال کر گئے۔

عبدالباری منگی گزشتہ کچھ عرصے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور ایک سال قبل انہوں نے سرجری بھی کرائی تھی، وہ علالت کی وجہ سے کچھ عرصے سے ادبی سرگرمیوں سے بھی دور تھے۔

عبدالباری منگی سندھی ادبی سنگت کراچی چیپٹر کے سیکریٹری جنرل بھی تھے جو کہ سندھی ادب کی نمایاں تنظیم ہے اور اس کے چیپٹرز پوری دنیا میں کام کر رہے ہیں اور اس تنظیم کا مقصد سندھی زبان، ادب، سماج اور ثقافت کی ترویج میں کردار ادا کرنا ہے۔

عبدالباری منگی کے انتقال کے حوالے سے ان کے دوستوں لکھاری ارشاد شیخ، محمد سلیمان وسان، ڈاکٹر شیر مہرانی، امر پیرزادو اور ذوالفقار چاچڑ سمیت دیگر افراد نے سوشل میڈیا پوسٹس کیں اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

عبدالباری منگی کا تعلق شکارپور سے تھا مگر وہ کئی سال سے دارالحکومت کراچی میں مقیم تھے، جہاں وہ ادبی پروگرامات کرواتے رہتے تھے۔

سرکاری ملازمت کرنے والے عبدالباری منگی نے ادب اور سندھی زبان، سماج اور ثقافت کی ترویج کے لیے اپنی استطاعت سے بڑھ کر کردار ادا کیا، جس وجہ سے ان کے انتقال پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

عبدالباری منگی کی میت کو ان کے آبائی شہر شکارپور روانہ کیا گیا، جہاں ان کی نماز جنازہ میں متعدد ادبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔