سندھ کی سیاست کا تعین جئے سندھ کرتی ہے، خالد مقبول صدیقی

فائل فوٹو: اے پی پی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کی سیاست کا تعین قومپرست جماعت جئے سندھ کرتی ہے مگر اس پر عمل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کرواتی ہے۔

حیدرآباد میں گریجورٹ فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقبول صدیقی نے کہا کہ زبان اور شناخت پر ہمیں کوئی کنفیوژن نہیں ہونی چاہئے ہماری اور آپ کی تہذیب برصغیر امن ہے اور آپ اس کے نمائندے ہیں سقراط نے ہزاروں سال پہلے کہا تھا کہ آپ کی شناخت آپکا مقدر ہے اور شاخت وہی ہوتی ہے جس کو دوسرے تسلیم کریں۔ایم کیوایم نے اپنے حصہ کا کام کردیا کہ آج دنیا بھر میں مہاجر قوم کے بارے میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ کی سیاست کا تعین جئے سندھ کرتی ہے اور اس پر عمل پیپلز پارٹی کرتی ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیحات میں تعلیم ہونی چائیے کیونکہ سندھ پر وہ حکمران ہے جو چاہتے ہیں انکے بچے پڑھیں مگر دوسرں کے بچے تعلیم سے محروم رہیں اسلئے اپنے علاقوں میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

انہوں نے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فن کلب ہے عمران نیازی کے بعد پی ٹی آئی کا کیا مستقبل ہے ہم سب کو معلوم ہے پی ٹی آئی میں شخصیت بڑی اور بیانیہ چھوٹا ہے۔