جیکب آباد میں 5 سالہ بچی کو کاری قرار دینے والے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم
فائل فوٹو: فیس بک
شمالی سندھ کے ضلع جیکب آباد کی مقامی عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پانچ سالہ کم سن بچی کو کاری قرار دینے والے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے اس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
چند دن قبل ضلع جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے گائوں چوک لاشاری میں ملزم نے اپنی پانچ سالہ بھانجی فاطمہ کو کاری قرار دیا تھا، جس پر بچی کے والدین نے احتجاج کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
میڈیا پر خبر آنے کے پعد پولیس نے بچی کو عدالت میں پیش کیا تو عدالت نے پولیس کو جھاڑ پلادی اور ملزم کی عدم گرفتاری پر افسران کو ڈانٹتے ہوئے جلد ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ظلم کی انتہا، ٹھل میں 5 سالہ بچی کو ’کاری‘ قرار دے دیا گیا
جیکب آباد کے سیشن جج عبدالغفور کلہوڑو کی عدالت میں سیاہ کاری کی تہمت زدہ پانچ سالہ بچی فاطمہ کو پیش کیا گیا۔
عدالت نے بچی پر سیاہ کاری کی تہمت لگانے والے ملزمان کی عدم گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے پولیس افسرسے بازپرس کی اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
بچی کو بیان کے بعد عدالت نے والد کے حوالے کر دیا۔