کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات

فوٹو: اے پی پی 

صوبے کے سب سے بڑے اور اہم ترین ڈویژنز کراچی اور حیدرآباد میں متعدد بار موخر ہونے کے بعد 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا۔

صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا سلسلہ جون 2022 میں شروع ہوا تھا اور 26 جون 2022 کو پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژن کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا تھا۔

ان 4 ڈویژن سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص شامل کے 14 اضلاع میں گھوٹکی، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، کشمور ۔ کندھ کوٹ، شکارپور، جیکب آباد، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ اور تھرپارکر شامل تھا۔

 

کراچی و حیدرآباد میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان

 

بعد ازاں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں جولائی میں انتخابات ہونے تھے مگر مسلسل وہاں انتخابات ملتوی ہوتے رہے اور اس بار بھی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور سندھ حکومت نے بھی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی مگر الیکشن کمیشن نے اس بار ہر حال میں 15 جنوری کو انتخابات کروائے۔

دارالحکومت کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں ووٹرز کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدے کے لیے 17 ہزار 863 امیدواروں میں سے اپنے بلدیاتی نمائندوں کے انتخاب کا موقع ملا۔

کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹرز کی مجموعی تعداد 80 لاکھ سے زائد تھی، تاہم دونوں ڈویژن میں ووٹرز کا ٹرن آئوٹ کم رہا۔

کراچی میں 4 ہزار997 جب کہ حیدرآباد ڈویژن میں 8 ہزار876 پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے تھے جب کہ وہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔