کراچی و حیدرآباد میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان
فائل فوٹو: فیس بک
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں رواں ماہ 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے آج جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی، حیدر آباد اور ٹھٹہ میں پولنگ 15 جنوری کو ہی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے نئی ووٹر فہرستیں تیار نہ ہونے تک انتخابات کو ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی، جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا۔
الیکشن کمیشن نے 6 جنوری کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹر لسٹوں سے متعلق کیس پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، ایم کیو ایم پاکستان نے نئی ووٹر لسٹوں پر انتخابات کرانے کی درخوست دی تھی جبکہ جماعت اسلامی نے موجودہ فہرستوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کی استدعا کی تھی۔
آئندہ سال جنوری میں کراچی و حیدرآباد میں بلدیاتی انتخاب ہوں گے، الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات پرانی ووٹر لسٹوں کے تحت ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کو انتطامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن کےانعقاد کویقینی بنائیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے نئی ووٹر فہرستوں پر انتخابات کرانے کی درخوست دی تھی، حکومت سندھ نے سیلاب کے باعث سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کا عضر پیش کیا تھا جبکہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کرانے کی استدعا کی تھی۔
کراچی میں تیسری بار بلدیاتی انتخابات ملتوی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 15 جنوری کو کراچی اور حیدر آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے وزارت داخلہ کو فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
واضح رہے کہ نومبر کے مہینے میں الیکشن کمیشن نے 15 جنوری 2023 کو کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل 18 اکتوبر کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات تیسری مرتبہ ملتوی کردیے گئے تھے۔
قبل ازیں 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات 20 جولائی کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ملتوی کرکے 28 اگست کو کرانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی کردیے گئے تھے۔
صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژنز کے کُل 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد 26 جون 2022 کو ہوچکا ہے۔