بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں، الیکشن کمیشن
فائل فوٹو: فیس بک
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حیدرآباد اور کراچی ڈویژنز میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے متعلق سیاسی جماعتوں کے تمام دعووں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نتائج وقت پر دیے گئے، ان سے متعلق تمام دعوے جھوٹے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن قراة العین نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج سے متعلق الزامات بے بنیاد اور لاعلمی پر مبنی ہیں، انتخابات کے نتائج میں تاخیر نہیں، نتیجے اپنے وقت پر آئے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ فارم 12،11 کی شکایات پر چیف الیکشن کمشنر نے خود ریٹرننگ آفیسرز سے رابطہ کیا، دھاندلی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، تمام پولنگ ایجنٹس کو فارم 12،11 دیےگئے۔
کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنے کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج
رجمان الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کے نتائج میں تاخیر نہیں، نتیجے اپنے وقت پر آرہے ہیں، جنرل الیکشن میں ہر ریٹرننگ آفیسرکے پاس ایک ہی کیٹیگری کا فارم ہوتا ہے جب کہ بلدیاتی انتخاب میں ایک ریٹرننگ آفیسرکے پاس کم از کم پانچ یونین کونسلز (یوسی) ہیں، ہر یوسی میں چیئرمین وائس چیئرمین سمیت پانچ سے چھ کیٹیگریز ہیں۔
خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے کراچی کےنتائج الیکشن کمیشن نے 30 گھنٹوں بعد جاری کیے تھے اور نتائج میں دیر ہونے پر جماعت اسلامی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔
کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق شہر کی 235 نشتوں میں سے 93 پر صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے کامیابی حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ جماعت اسلامی 86 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔