سندھ کے سیلاب متاثرین کو گھروں کی مرمت کے پہلے مرحلے میں آئندہ ماہ رقم ملنے کا امکان
فائل فوٹو: فیس بک
حکومت سندھ نے سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیر اور مرمت کا ابتدائی منصوبہ تیار کرلیا اور پہلے مرحلے میں 21 لاکھ میں سے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے متاثرین کو آئندہ ماہ تک رقم جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
جولائی اور اگست 2022 میں سندھ میں آنے والے سیلاب سے صوبے کے مجموعی طور پر 21 لاکھ گھر متاثر ہوئے تھے، جس میں سے 14 لاکھ مکانات مکمل طور پر منہدم ہوچکے تھے جب کہ 7 لاکھ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔
سندھ حکومت نے سیلاب کے بعد گھروں کی تباہی کا سروے کرکے اعداد و شمار جمع کیے تھے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت اور عالمی اداروں سے تعاون بھی مانگا تھا۔
اور اب سندھ حکومت نے وفاقی اقتصادی کمیٹی (ای سی سی) سے صوبے کے سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری کروالی، جس کے بعد پہلے مرحلے کے تحت آئندہ ماہ تک متاثرین کو پیسے دیے جانے کا امکان ہے۔
روزنامہ کاوش کی خبر کے مطابق ایکنک کی منظوری کے بعد سندھ حکومت فروری 2023 تک صوبے کے سیلاب متاثرین 5 لاکھ 65 لاکھ گھروں کی تعمیر اور مرمت کے لیے فنڈز جاری کرے گی۔
سندھ حکومت کا سیلاب میں تباہ ہونے والے ہر گھر کو 3 لاکھ روپے دینے کا منصوبہ
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت پہلے مرحلے میں سندھ حکومت پہلے مرحلے میں 4 لاکھ 65 ہزار سے زائد گھروں کی مکمل اور دوبارہ تعمیر کے لیے فی کس 75 ہزار روپے نقد رقم جاری کرے گی جب کہ مزید ایک لاکھ گھروں کی جزوی تعمیر کے لیے بھی صوبائی حکومت فی کس پچاس ہزار روپے جاری کرے گی۔
اس حوالے سے سندھ حکومت متاثرین کو رقم فراہم کرے گی اور متاثرین خود اپنی مرضی سے مکانات کی تعمیر کریں گے۔
صوبائی حکومت مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے لیے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 75ہزار روپے جاری کرے گی اور متاثرین کو مذکورہ رقم مختلف قسطوں میں جاری کی جائے گی اور پہلی قسط میں انتہائی کم رقم جاری کیے جانے کی امید ہے۔
اسی طرح سندھ حکومت جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے لیے مجموعی طور صرف 50 ہزار روپے کی رقم جاری کرے گی اور یہ رقم بھی مختلف قسطوں میں فراہم کی جائے گی۔
سندھ حکومت گھروں کی تعمیر کے لیے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زیادہ گھروں کی مرمت کے لیے مجموعی طور پر مختلف اقساط میں 160 ارب روپے کی رقم متاثرین تقسیم کرے گی اور یہ رقم ممکنہ طور پر تین قسطوں یعنی تین ماہ کے اندر ہی متاثرین کو فراہم کی جائے گی۔
سندھ کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے عالمی بینک کا 5 منصوبوں کا اعلان
سیلاب سے تباہ مکانات کی تعمیر کے لیے 50 ارب روپے کی منظوری