سندھ بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

سندھ بھر سے بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے سمیت ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے زیادہ تر بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا، تاہم متعدد شہروں میں بعض نمائندے مختلف وجوہات کی بنا پر تاحال حلف نہیں اٹھا سکے۔

بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے نمائندوں کی تقریب حلف برادری صوبے کے 30 ہی اضلاع میں منعقد ہی کی گئی۔

دارالحکومت کراچی ڈویژن کی 246 یونین کمیٹیوں میں سے 239 یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبرز کی حلف برداری ہوئی۔

منتخب بلدیاتی ارکان 22 مئی کو حلف اٹھائیں گے

تقریبات کے لیے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے تھے، الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر مقرر کیا تھا جنہوں نے بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیا۔

کراچی ڈویژن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بعض اراکین نے حلف نہیں اٹھایا جب کہ ان کی جماعت نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے اگر دونوں جماعتوں کے تمام اراکین حلف اٹھائیں گے تو کراچی کے میئر کی سیٹ جماعت اسلامی کے پاس چلی جائے گی، دوسری صورت میں پیپلز پارٹی کا امیدوار میئر کے لیے مضبوط ثابت ہوگا۔

صوبے کے تمام اضلاع میں تقریب حلف برادریاں ہوئیں، جس پر کئی منتخب ارکان خوش دکھائی دیے، دوسری جانب صوبے بھر کے منتخب نمائندے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پرجوش دکھائی دیے۔