’بپر جوائے‘: کیٹی بندر میں سمندر کی سطح میں اضافہ، شہر خالی کرالیا گیا

بحیرہ عرب میں بننے والے خطرناک سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کے سندھ کے قریب آتے ہی ساحلی پٹی کے ضلع ٹھٹہ کے شہر کیٹی بندر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کے بعد سمندر کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔

’بپر جوائے‘ 13 جون کی شام تک سندھ سے 400 کلو میٹر کی دوری پر بھارتی ریاست گجرات کے علاقے کچھ کے قریب تھا اور امکان ہے کہ طوفان 15 جون تک سندھ کی ساحلی پٹی تک پہنچ جائے گا۔

سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کے پیش نظر کیٹی بندر خالی کرنے کا حکم

’بپر جوائے‘ سے سندھ کی ساحلی پٹی کے علاقوں میں شدید ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ زیادہ تر علاقوں میں 13 جون سے ہی تیز ہوائیں اور ہلکی بوندا باندی شروع ہوچکی تھی۔

ضلع ٹھٹہ کے کیٹی بندر پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کے بعد وہاں سطح سمندر میں اضافہ ہوگیا، جس وجہ سے شہر کو خالی کرالیا گیا

اگر کیٹی بندر میں یہی صورت حال رہی اور بارشیں شدید ہوئیں تو شہر کے ڈوبنے کے امکانات ہیں جب کہ سندھ حکومت نے 13 جون تک شہر سے 90 فیصد آبادی کو محفوط مقامات تک منتقل کردیا تھا۔

کیٹی بندر کے علاوہ سجاول، بدین اور کراچی کے ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں جب کہ دارالحکومت میں ہلکی بوندا باندی بھی شروع ہوگئی تھی۔