سندھ بھر میں میئرز، ڈپٹی میئرز و چیئرمینز نے حلف اٹھا لیا

سندھ بھر میں نو منتخب میئرز، ڈپٹی میئرز اور ضلعی چیئرمینز سمیت دیگر بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔

سندھ بھر میں گزشتہ برس تین مختلف مراحل میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے اور 24 مئی کو نو منتخب نمائندوں نے حلف اٹھایا تھا۔

تمام منتخب نمائندوں کے حلف اٹھانے کے بعد 15 جون کو صوبے بھر میں میئرز، ڈپٹی میئرز اور ضلعی چیئرمینز سمیت دیگر عہدیداروں کا انتخاب ہوا تھا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے میدان مار لیا تھا۔

میئرز اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات کے بعد 19 جون کو سندھ بھر میں عہدیداروں کی تقریب حلف برداری ہوئی، صوبے بھر میں عہدیداروں کی تقاریب صبح 9 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک ہوتی رہیں۔

صوبے کے 6 ہی ڈویژنز کے میئرز اور ڈپٹی میئرز سمیت 22 ہی اضلاع کے چیئرمینز اور 144 ٹائونز کے عہدیداروں نے حلف اٹھایا۔

سندھ بھر میں میئر و ڈپٹی میئر سمیت چیئرمینز آج حلف اٹھائینگے

دارالحکومت کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کی تقریب حلف برداری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر صوبائی وزرا نے بھی شرکت کی۔

میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان مراد سے الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے شہر کی علامتی چابی مرتضیٰ وہاب اور سلمان مراد کے حوالے کردی۔

حلف اٹھانے کے بعد مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خدمت کے منشور کو آگے لے کر جائیں گے، عوام دوست منشور کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، کراچی میں حقیقی مثبت تبدیلی لائیں گے۔