گھوٹکی اور کندھ کوٹ کو ملانے کے لیے تعمیر ہونے والے پل کی سیکیورٹی بھی ایف سی کے حوالے
دریائے سندھ پر بننے والے گھوٹکی اور کندھ کوٹ کو ملانے والے پل کی سیکیورٹی فرنٹیئر کانسٹیبلری ایف سی کے حوالے کر دی گئی۔
اس حوالے سے سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں گھوٹکی اور کندھ کوٹ پل کی سیکیورٹی فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالے کرنے کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھوٹکی اور کندھ کوٹ پل کی لمبائی 12 کلو میٹر ہے، اور ابھی 8 کلومیٹر کی تعمیر باقی ہے، کچے کی صورت حال کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کے ساتھ ایف سی کی تعیناتی بھی ناگزیر ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پل پر کام کرنے والے 3 مزدوروں کو ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا تھا، جس پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے سیکیورٹی کے بغیر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اجلاس میں پل کی سیکیورٹی کے لیے ایف سی اہلکاروں کو تعینات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئیں۔
اجلاس کے دوران ڈائریکٹر آپریشن ایف سی نے بتایا کہ دارالحکومت کراچی میں ایف سی 29 جب کہ حیدرآباد اور سکھر زون میں ایف سی کی 8 پلاٹون تعینات ہیں۔
ان کے مطابق ایف سی کی ہر پلاٹون میں 35 اہلکار شامل ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر کی اہم جیلوں اور غیر ملکی سفارتخانوں، قونصلیٹ اور غیرملکی مشن کو ایف سی سیکیورٹی فراہم کرتی ہے۔