حیدرآباد میں خاتون کے ہاں 6 بچوں کی پیدائش، 5 انتقال کر گئے
سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے فلاحی اسپتال میں خاتون نے 6 بچوں کو جنم دیا، تاہم قبل ازوقت پیدائش کی وجہ سے 5 بچے انتقال کرگئے جب کہ ایک بچے کی بھی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
خدمت خلق فاؤنڈیشن اسپتال (کے کے ایف) کے ایم ایس ڈاکٹر وسیم شیخ کے مطابق ضلع عمرکوٹ کے شہر کنری کی رہائشی خاتون ریکھا کے ہاں قبل ازوقت آپریشن کے ذریعے 6 بچوں کی ولادت ہوئی، تاہم پانچ بچے انتقال کرگئے۔
دنیا میں آنے والے نئے مہمانوں میں سے تین لڑکے اور تین لڑکیاں تھیں جب کہ زندہ بچ جانے والا بچہ اسپتال کی نرسری میں زیر علاج ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے خاتون کا آپریشن کرکے بچوں کی پیدائش قبل از وقت کروائی گئی تھی، تاہم خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔